بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ شیعیان بحرین کے قائد، آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے آج (پیر 16 نومبر کی) شام کو زور دے کر کہا: "علماء کو قید کرنا اسلام، آزادی، عزت و وقار اور مکمل حقوق کے حصول کے لئے جاری جہاد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا بلکہ یہ ایک محرک ہے جو قوم کو پرعزم بنا دیتا ہے۔"
شیخ قاسم نے کہا: "بحرین اور اس کے مؤمن، آزاد اور سربلند عوام موجودہ حکومت کو نہیں چاہتے؛ ایسی حکومت جو زور و جبر کے ذریعے عوام پر مسلط ہوئی ہے اور اس کی انتہائی خواہش یہ ہے کہ بحرین قید میں رہے اور بحرینی قوم خوار و ذلیل رہے۔"
انھوں نے واضح کیا: "موجودہ حکومت بحرین کے آزاد لوگوں، علماء اور دینی علوم کے طلباء کو جیل میں ڈالنا چاہتی ہے اور آگاہی، عزت، وقار اور آزادی کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔"
شیخ عیسیٰ قاسم نے اپنے بیان میں مزید کہا: "یہ ناممکن ہے کہ بحرینی قوم اپنے حقوق پر ڈاکہ ڈالے جانے کے سامنے خاموش رہے، اپنے مطالبات سے دستبردار ہو جائے یا اپنے سیاسی اور سماجی حقوق کے تھوڑے سے حصے پر قناعت کر لے۔"
انھوں نے کہا: "بحرینی قوم اپنے مکمل حقوق کے حصول کے لئے پُرعزم ہے۔"
آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے واضح کیا: "ہماری زندگی اپنے اسلام، آزادی اور عزت سے جڑی ہوئی ہے۔ میدانوں کی جنگ کے فاتح وہ ہیں جو خدا کی رضا کے حصول کے لئے جدوجہد کرتے ہیں، نہ وہ جو بندوں پر ظلم و جبر روا رکھتے ہیں۔"
واضح رہے کہ بحرین پر مسلط آل خلیفہ کی قبائلی اور اقلیتی حکومت کی نام نہاد اعلیٰ فوجداری عدالت نے اس ہفتے کے اتوار کے روز بحرین کے 70 ممتاز علماء اور دانشوروں کے خلاف من گھڑت اور سفارشی سیاسی مقدمات گھڑ کر، انہیں طویل مدتی قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
اس نام نہاد عدالت نے ان علماء میں سے 67 افراد کو عمر قید اور 3 دیگر افراد اور ایک ذاکر اہل بیت(ع) کو کو 15 15 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم اور آل خلیفہ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت، جمعیۃ الوفاق کے نائب سیکریٹری جنرل، شیخ حسین الدیہی، کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے چند لمحے بعد، جمعیت علمائے بحرین نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ آل خلیفہ حکومت نے تمام علماء کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، سوائے چار افراد کے جنہیں 15 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
یہ متنازعہ اور سفارشی-سیاسی مقدمہ عوامی احتجاجات اور سڑکوں کی بندش کے تسلسل کے سائے میں، شیعہ علماء کے مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل چلایا گیا جو انتہائی مختصر تھا اور بالکل واضح تھا کہ یہ صرف ایک رسمی کاروائی تھی اور ان علماء کو دی جانے والی سزائیں درحقیقت پہلے ہی آل خلیفہ کے شاہی محل سے ہی دی گئی تھیں۔
اس سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ آل خلیفہ حکومت 69 ملزمان کا مقدمہ آج 16 نومبر 2026 کو چلائے گی، جن میں سے تقریباً 60 شیعہ علماء اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔ بعد میں اعلان کیا گیا کہ یہ مقدمہ اگلے اتوار تک ملتوی کر دیا جائے گا، لیکن گذشتہ روز اچانک ان علماء کو [مقدمہ چلائے بغیر] سزائیں سنائی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ